اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر پٹرولیم قدرتی وسائل سید نوید قمر نے کہا ہے کہ موسم سرما میں گیس کی طلب اور رسد میں عدم توازن ختم کرنے کیلئے تمام فریقین کی مشاورت سے قبل عملی طریق کار اپنایا جائے۔ گزشتہ روز یہاں اقتصادی رابطہ کمیٹی کی گیس مینجمنٹ پروگرام کے متعلق ذیلی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ کمیٹی کے چیئرمین نوید قمر نے کہا کہ صارفین کی موسم سرما میں مشکلات کے ازالہ کیلئے حکومت تمام درکار اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گیس مینجمنٹ پروگرام پر موٴثر عملدرآمد کیلئے ٹیکسٹائل‘ سیمنٹ‘ فرٹیلائزر اور دیگر متعلقہ صنعتوں سے مسلسل مشاورت کا عمل جاری ہے۔ اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ تمام صنعتی شعبوں کیلئے یکساں طور پر دو چھٹیوں کی تجویز پر عمل کیا جائے جس میں سی این جی گیس استیشن بھی شامل ہوں گے۔ اجلاس میں وزیر خزانہ شوکت ترین‘ راجہ پرویز اشرف اور میاں منظور وٹو نے بھی شرکت کی۔
|
|