کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم منگل کو شیخ زید اسٹیڈیم ابوظبی میں اس عزم کے ساتھ میدان میں اترے گی کہ پاکستان، کیوی ٹیم کو شکست دے کر آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے سیمی فائنل میں اپنی شکست کا بدلہ لے سکے۔ بیٹنگ کیلئے سازگار وکٹ پر میچ دونوں ٹیموں کے بولرز کی صلاحیتوں کیلئے امتحان ثابت ہوگا۔ کپتان یونس خان نے گرانٹ ایلیٹ کا اہم کیچ ڈراپ کرکے پاکستان کی جیت کو ہار میں تبدیل کردیا تھا۔ ڈے اینڈ نائٹ میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4بجے شروع ہوگا۔ یونس خان نے پیر کو واضح کیا کہ پاکستان ٹیم کو اپنی فیلڈنگ کو بہتر بنانا ہوگا۔ یہی وہ شعبہ ہے جس میں قومی ٹیم کو بہتری کی ضرورت ہے۔ پاکستان کا شمار دنیا کی ان ٹیموں میں ہوتا ہے جن کی فیلڈنگ معیاری نہیں ہے۔ یونس خان نے اعتراف کیا کہ پاکستان کو اپنی اس خامی پر جلد قابو پانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہمیں فیلڈنگ کی وجہ سے کافی نقصان ہوچکا ہے۔ لڑکے اچھی فیلڈنگ کے لئے پرعزم ہیں۔ مجھے امید ہے کہ پاکستانی کھلاڑی بیٹنگ اور بولنگ کے علاوہ فیلڈنگ میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ یونس خان نے کہا کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم بے حد خطرناک ہے۔ اسے ہرانے کیلئے ہمیں تینوں شعبوں میں غیر معمولی کھیل کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ ان کے پاس بہت اچھے کھلاڑی ہیں۔ اس لئے سیریز کے آغاز کے وقت دونوں ٹیموں کے چانس ففٹی ففٹی ہیں۔ اگلے دو ون ڈے 6 اور 9/نومبر اورٹی ٹوئنٹی میچ 12اور 13/نومبر کو کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز کے بعد دونوں ٹیمیں تین ٹیسٹ کی سیریز کھیلیں گی۔ نیوزی لینڈ کو سیریز کے آغاز سے قبل اہم کھلاڑیوں کے فٹنس مسائل کا سامنا ہے۔ جیسی رائیڈر، گرانٹ ایلیٹ، ڈیرل ٹفی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔ فاسٹ بولر کائیل ملز کندھے کی انجری میں مبتلا ہیں۔ ڈینیل ویٹوری نے کہا کہ ملز کے ان فٹ ہونے کے بعد ٹم ساؤتھی ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھنا چاہتی ہے۔ چیمپئنز ٹرافی کی اچھی کارکردگی کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ہم سیریز سے ایک ہفتے قبل یہاں آئے ہیں او ر اچھی تیاری کی ہے۔ انہوں نے تصدیق کی برنیڈن میک کولم حالیہ دنوں میں ناکام رہنے کے باوجود اننگز کا آغاز کریں گے۔ دبئی کی طرح ابوظبی کی وکٹ بھی بیٹنگ کے لئے ساز گار ہے۔ اگر برنیڈن چل گئے تو ہم بڑا اسکور کھڑا کرسکیں گے۔