| کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان یونس خان کو نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میں سیریز میں ٹیم کو فتح دلوانے کے ساتھ ساتھ بیٹنگ کے شعبے میں بھی نمایاں کارکردگی دکھانا ہوگی کیوں کہ یونس خان کی حالیہ دنوں میں ون ڈے میں کارکردگی متاثر کن نہیں ہے۔ اس طرح یہ سیریز ان کے لئے کڑی آزمائش ثابت ہوگی۔ انہوں نے گزشتہ 16ون ڈے انٹرنیشنل میں 25سے بھی کم کی اوسط سے صرف 398رنز بنائے ہیں۔ وہ صرف دو نصف سنچریاں اسکور کرسکے ہیں۔ ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستان کا ریکارڈ بہت اچھا ہے۔ اپریل 2006میں اس گراؤنڈ کے افتتاح کے بعد پاکستان نے یہاں 11ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں۔ سات جیتے، چار ہارے۔ یہ وکٹ بولروں کے لئے سازگار نہیں ہے لیکن عمر گل نے 10ون ڈے میچوں میں 21 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم یہاں پہلا ون ڈے کھیلے گی۔ اس ریجن میں کیوی ٹیم 29میں سے صرف آٹھ میچ جیتے ہیں ۔ پاکستان نے گیارہ میں سے 7میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ چار میں اسے شکست ہوئی۔ شیخ زید اسٹیڈیم میں پاکستانی بیٹسمین چھائے ہوئے ہیں۔ کامران اکمل نے گیارہ میچوں میں 49.71 کی اوسط سے 348 اور شعیب ملک نے 11میچوں میں 35.55 کی اوسط سے 320رنز بنائے ہیں۔ یونس خان نے 8میچوں میں 43کی اوسط سے 301رنزبنائے ہیں۔ مصباح الحق 257 رنزبناچکے ہیں۔ |
|