موہالی( جنگ نیوز) آسٹریلیا نے بھارت کو چوتھے ون ڈے انٹرنیشنل میں 24 رنز سے ہرا کر نہ صرف سیریز 2-2 سے برابر کردی بلکہ فی الحال اپنی نمبر ون پوزیشن بھی بچالی۔ کینگروز نے پہلے کھیلتے ہوئے 250 رنز اسکور کیے اور ہوم سائیڈ کو 226 پر ڈھیر کردیا۔ شین واٹسن نے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 رنز بنائے اور تین وکٹ حاصل کیے، اس کاوش کے صلے میں انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ مہمان ٹیم کی جانب سے پونٹنگ نے 52، کیمرون وائٹ نے 62 اور مائیکل ہسی نے 40 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔ اشیش نہرا بھارت کے کامیاب ترین بولر ثابت ہوئے انہوں نے تین اور ہربھجن سنگھ نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارتی بیٹنگ لائن جواب میں عمدہ آغاز کے باوجود ہدف حاصل نہ کرسکی۔ سہواگ 19 گیندوں پر 30 اور ٹنڈولکر 40 بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ دھونی نے 26 اور ہربھجن نے 31 رنز بنائے۔ ڈوگ بولنجر نے تین اور ناتھن ہورٹز نے دو کامیابیاں حاصل کیں۔
|
|