لندن (پ ر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے راولپنڈی کے علاقے کینٹ میں بم دھماکے کی سخت مذمت اور دھماکے میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں سمیت درجنوں معصوم و بے گناہ افراد کے جاں بحق و زخمی ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صدر آصف زرداری‘ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی‘ وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک اور تمام ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ دہشت گردوں سے سختی سے نمٹا جائے‘ دہشت گردی کے خاتمے اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے مزید ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔ ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ اس وقت پوری قوم کو ملک کی بقاء کیلئے طالبان اور ان کے حامیوں کے خلاف متحد ہونا ہوگا اور میدان عمل میں آکر دہشت گردوں کے خلاف مسلح افواج اور سیکورٹی فورسز کا بھرپور ساتھ دینا ہوگا۔ الطاف حسین نے کہا کہ طالبان پاکستان کو داخلی طور پر تباہ و برباد کرنا چاہتے ہیں اسی لئے ان ملک دشمنوں نے پاکستان کے خلاف کھلی جنگ شروع کررکھی ہے اوریہ مسلح افواج اور دیگر سیکورٹی فورسز کے مراکز‘ دفاعی تنصیبات اور اہم سرکاری و نجی مراکز اور بازاروں پر آئے دن خودکش حملوں اور بم دھماکوں کے ذریعہ مسلح افواج‘ پولیس اوردیگرسیکورٹی فورسز کے افسران و جوانوں اور عام معصوم و بے گناہ نوجوانوں‘ بزرگوں اور خواتین و بچوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں۔