Download Font | Urdu Keyboard | On-Screen Keyboard Back Issues Feedback             Saturday, November 21, 2009, Zil`Haj 03, 1430 A.H
 
  یورپ سے 
 
لندن (جنگ نیوز/پ ر) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صدر زرداری سے کہا ہے کہ وہ جمہوریت کی بقاء کیلئے قربانی دیں جبکہ این آر او کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ متحدہ کی رابطہ کمیٹی این آر او کا جائزہ لے رہی ہے اور یقین ہے کہ کمیٹی جلد ہی پاکستانی عوام کی امنگوں اور پارٹی منشور کے مطابق فیصلہ کرے گی۔ ادھر ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد نے صدر آصف علی زرداری کو جمہوریت کی بقاء کیلئے استعفیٰ دینے کا مشورہ دیا ہے جبکہ متحدہ نے ایسے کسی بھی دعوے کی تردید کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صدر زرداری سے کہا ہے کہ وہ جمہوریت کی بقاء کیلئے قربانی دیں۔ پیر کو جیو نیوز کے ڈاکٹر شاہد مسعود سے گفتگو کرتے ہوئے قائد تحریک نے کہا کہ ہم نے صدر کو ایک حلیف جماعت کی حیثیت سے برادرانہ مشورہ دیا ہے کہ ملک اور جمہوریت کو بچانے کیلئے قربانی دیں، تاہم اس مشورے کا ہرگز یہ مطلب نہ نکالا جائے کہ ہم موجودہ حکومت کو باالواسطہ یا بلا واسطہ طور پر ناکام بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے پہلے ہی حکومت سے مطالبہ کیا تھا کہ موجودہ یا ریٹائرڈ نان پی سی او ججزکی نگرانی میں حقائق جاننے کا مصالحتی کمیشن بنایا جائے جس میں حکمران اپنی اپنی غلطیوں کا اقرار کریں قوم سے معافی مانگیں اور آئندہ ایمانداری اور فرض شناسی سے کام کرنے کا عہد کریں ۔انہوں نے کہا میری ذاتی رائے میں پارلیمنٹ میں این آر او کی پیشی کی صورت میں غیر حاضری کی بجائے مخالفت ہونی چاہئے، اب وقت آ گیا ہے کہ صدر زرداری اور ان کے ساتھی این آر او کے حوالے سے فیصلہ کریں ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے اوپر جو مقدمات تھے ان کو ایک کمیشن کے ذریعے عدالتوں سے ختم کردیا گیا تھا، اگرچہ ایم کیو ایم پر ہزاروں بہتان لگائے گئے لیکن کرپشن کے حوالے سے ایم کیو ایم پر کوئی الزام نہیں لگااگر کو ئی سمجھتا ہے کہ یہ کیس دوبارہ کھل جائیں تو ہم مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں، ہم اس پر گھبرانے والے نہیں ہے اگر یہ کیس کھل بھی جاتے ہیں تو ایم کیو ایم دوبارہ عدالتوں کا سامنا کرے گی اور عدالتوں کے ذریعے قانونی جنگ لڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی این آر او کا جائزہ لے رہی ہے اوروہ اس بارے میں حتمی فیصلہ کریگی، انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ کمیٹی پاکستانی عوام کی امنگوں اور ایم کیو ایم کے منشور کے مطابق فیصلہ کریگی۔ ادھر ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا گیاہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ جمہوریت کوپٹڑی سے نہ اترنے دینے اور سسٹم کو بچانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کریں بلکہ اس کام کیلئے اگر صدارتی منصب کی بھی قربانی دینا پڑے تو وہ دیں۔خبررساں ایجنسی آن لائن نے ایم کیو ایم کے رہنما محمد انور کے حوالے سے مستعفی ہونے کا مشورہ دینے کی تصدیق کی ہے۔ تاہم متحدہ قومی موومنٹ کے شعبہ اطلاعات کے ترجمان اور رابطہ کمیٹی کے رکن مصطفی عزیز آبادی نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین نے جیو ٹی وی کے سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر شاہد مسعود کو دیئے گئے انٹرویو میں صدر زرداری کو استعفیٰ دینے کے مشورے کی کوئی بات نہیں کی۔ مصطفی عزیز آبادی نے کہا کہ قائد تحریک نے جو انٹرویو دیا ہے اور ملک کی موجودہ صورتحال کے بارے میں جو موقف پیش کیا ہے۔ وہ ان کی آواز میں موجود ہے، جسے عوام نے بھی خود سنا ہے اور ہم یہ وضاحت کرنا ضروری سمجھتے ہیں کہ اپنے اس پورے انٹرویو میں الطاف حسین نے صدر مملکت کو استعفیٰ دینے کا کوئی مشورہ نہیں دیا ہے۔ جیو کے ڈاکٹر شاہد مسعود نے اس حوالے سے جو خبر بھی دی ہے وہ اسلام آباد میں اپنے ذرائع کے حوالے سے دی ہے۔ دریں اثناء اے این این کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ قائد تحریک الطاف حسین نے صدر آصف علی زرداری کو مستعفی ہونے کا کوئی مشورہ نہیں دیا۔ پیر کی شام وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز اور ایم کیو ایم کے پارلیمانی لیڈر ڈاکٹر فاورق ستار کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے ایک وفد نے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی سے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی اور ان سے ملک کی تازہ ترین سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیالات کیا۔ وفد نے صدر کے استعفے سے متعلق خبر کی وضاحت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا ہے۔ وفد میں وفاقی وزیر پورٹس اینڈ شپنگ بابر غوری اور رکن قومی اسمبلی سید حیدر عباس رضوی بھی شامل تھے۔ ملاقات کے موقع پر وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان، وزیر پٹرولیم سید نوید قمر، وزیر محنت و افرادی قوت سید خورشید شاہ اور سینیٹر رضا ربانی بھی موجود تھے۔


 
Print Version


 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
آج کا اخبار 
تازہ ترین 
اہم خبریں
ملک بھر سے
شہر قائد/ شہر کی آواز
سندھ بھر سے
دنیا بھر سے
امریکا سے
یورپ سے
ادارتی صفحہ
اسپورٹس
بزنس
مراسلات
دل لگی
تعلیم صحت خواتین
کارٹون 
 
   Jang Online    |    TheNews    |    Jang Multimedia   |    Download Font    |    Keyboard Instructions    |    Back Issues    |    RSS    |Feedback