لوٹن (شہزاد علی/ نامہ نگار) پیپلز مسلم لیگ یوکے نے مرکزی صدر سلطان محمود چوہدری پر مکمل اظہار اعتماد کرتے ہوئے انہیں یوکے کی تمام تنظیمات کی طرف سے آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے ہر طرح کے فیصلے کا مکمل اختیار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارے لئے یہ باعث فخر ہے کہ ہماری قیادت وہ سیاسی شخصیت کر رہی ہے جو عالمی سطح پر ہر فورم میں مسئلہ کشمیر اٹھاتی ہے اور جس پر کرپشن کا کوئی داغ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار جامعہ الاکبریہ کے ہال میں پیپلز مسلم لیگ یوکے کی تنظیمات کے عہدیداران نے ایک خصوصی اجلاس میں کیا۔ اجلاس یوکے کے جنرل سیکرٹری اظہر بڑالوی نے طلب کیا تھا جبکہ میزبانی ساؤتھ زون کے صدر چوہدری حکمداد نے کی۔ سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر اور بیرسٹر سلطان محمود کے کزن ماجد اسمٰعیل نے آزاد کشمیر کے حالیہ عدم اعتماد کے دوران مسلم لیگ (ن) کے کردار کو واضح کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف نے کسی بھی جگہ سردار عتیق احمد خان اور مسلم کانفرنس کی حمایت نہیں کی بلکہ ایک جمہوری سیٹ اپ اور آزاد کشمیر کے عوام کے اکثریتی مینڈیٹ کی حمایت کی تاکہ حکومت ٹوٹنے سے بچ جائے جبکہ میاں نواز شریف نے آج بھی فارورڈ بلاک کو پیغام دیا ہے کہ اپنا قبلہ درست کرو۔ ماجد اسمٰعیل نے کہا کہ آج بھی ہماری پہلی ترجیح میاں نواز شریف ہیں لیکن سیاست میں کوئی بات حرف آخر نہیں ہوتی۔ میاں صاحب آج بھی بیرسٹر سلطان محمود کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کی سیاست میں بیرسٹر سلطان محمود کا مرکزی کردار ہے۔ مسلم کانفرنس اصل میں اپنے بچاؤ کی جنگ لڑ رہی ہے۔ مرکزی سیکرٹری مالیات چوہدری اخلاق نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ہماری قیادت سلطان محمود کر رہے ہیں ورنہ دوسری طرف سردار عتیق احمد اور فاروق حیدر ہیں جو ایک دوسرے پر الزامات لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ حکومت بیرسٹر سلطان محمود کی بنے گی، اگلے چند دنوں میں آپ کو خوشخبری ملے گی۔ چیف آرگنائزر یوکے فیض حمید فیضی نے کہا کہ ہم مسئلہ کشمیر پر خدمات کے پیش نظر سلطان محمود کے ساتھ ہیں۔ سردار عتیق کے ساتھ ہماری مخالفت شخصی بنیاد پر نہیں بلکہ اس بنیاد پر ہے کہ انہوں نے ایک فوجی آمر کے ساتھ مل کر آزاد کشمیر کے عوام کے مینڈیٹ کو روندا تھا۔ جنرل سیکرٹری یوکے اظہر بڑالوی نے کہا کہ ہماری سیاست لوٹ کھسوٹ کے لئے نہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ بیرسٹرسلطان محمود جو بھی فیصلہ کریں گے، عوامی مفاد میں کریں گے۔ پی ایم ایل کا ہر کارکن ان کے پیچھے کھڑا ہے۔ پیپلز مسلم لیگ ساؤتھ زون کے صدر چوہدری حکمداد نے کہا کہ آج کے پروگرام کا مقصد بیرسٹر سلطان محمود کو سپورٹ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی جدوجہد کی یہ تحریک چوہدری نور حسین نے شروع کی تھی جنہوں نے جمہوری جدوجہد میں سینے پر گولیاں بھی کھائیں۔ ہم نے مسلم کانفرنس کو پیغام دینا ہے کہ ہم بیرسٹر کے ساتھ ہیں۔ چوہدری طارق عزیز، چوہدری دلپذیر، سعید بھٹی اور متعدد دیگر رہنماؤں نے بھی بیرسٹر سلطان محمود پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یوکے سے ہر طرح تعاون کا یقین دلایا۔ نظامت علی اختر القادر نے کی۔ آخر میں متفقہ طور پر تین قراردادیں پاس کی گئیں کہ آج کا یہ اجتماع بیرسٹر سلطان محمود پر غیر متزلزل اعتماد کرتا ہے۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے مطالبہ کرتا ہے کہ انہوں نے سردار عتیق احمد خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرتے ہوئے جو چارج شیٹ پیش کی تھی اس کی ایک آئینی حیثیت ہے اس پر اب عملدرآمد کیا جائے۔ تیسرا گلگت بلتستان کو آزاد کشمیر کی طرز پر حکومت کا اختیار دیا جائے۔
|
|