کراچی (اسٹاف رپورٹر) سٹی ناظم کراچی سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ خراب معاشی صورتحال اور نامساعد حالات کے باوجود سگنل فری کوریڈور4 کو چار ماہ سے کم عرصے میں مکمل کر کے4 فلائی اوورز کو ٹریفک کے لئے کھول دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سگنل فری کوریڈور4 کے زیرتعمیر فلائی اوور کے دورے اور کام کے معائنے کے بعد واٹر بورڈ کے چیئرمین آفس میں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ای ڈی او ورکس اینڈ سروسز، منصوبوں کے پروجیکٹ ڈائریکٹرز، کنسلٹنٹ فرمز کے نمائندوں، فنانس و پلاننگ ڈپارٹمنٹ کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے اور مسائل کو تیزی سے حل کرنے کے لئے لائحہ عمل طے کیا گیا تاکہ منصوبوں پر بلارکاوٹ کام کو دن رات جاری رکھا جائے۔ سٹی حکومت کراچی نے تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سگنل فری کوریڈور4 کے4 فلائی اوورز پر ترقیاتی کام شروع کردیا ہے جن کو چند ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا ان فلائی اوورز میں ہوٹل مہران اور ہوٹل ریجنٹ پلازہ کے نزدیک2، 2 لین کے فلائی اوور، شارع فیصل تا چنیسر ہالٹ3 لین کا فلائی اوور، شہید ملت روڈ ایکسپریس وے بلوچ کالونی پر4 لین کا فلائی اوور شامل ہے۔ ان چاروں فلائی اوورز کے تعمیراتی کام کا آغاز چند روز قبل کردیا گیا جہاں تیزی سے کام جاری ہے۔ سٹی ناظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ شارع فیصل چونکہ مصروف ترین شاہراہ ہے اس لئے رات کے اوقات میں کام میں تیزی لائی جائے وہ خود رات کو اچانک منصوبوں کا معائنہ کریں گے اور کام میں تاخیر یا کوتاہی کرنے والے افسران، کنٹریکٹر فرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے فنانس و پلاننگ ڈپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ منصوبوں کے لئے وسائل مہیا کرنے میں کوئی تاخیر نہ کی جائے تاکہ کام میں کسی بھی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
|
|