| کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار علی مرزا نے پولیس اور پاکستان رینجرز سندھ کو ہدایات دی ہیں کہ عیدالاضحیٰ 2009ء کے موقع پر دیگر صوبوں سے شہر کے مختلف علاقوں میں قائم منڈیوں میں مویشی لے کر آنے والی گاڑیوں اور تاجروں کی سیکورٹی سندھ میں داخل ہونے والے تمام افراد کی شناخت کے عمل کو ممکن بنانے کے ضمن میں مشترکہ حکمت عملی اور اقدامات پر مشتمل فول پروف منصوبہ ترتیب دیا جائے جس کے تحت متعلقہ پولیس، روٹس پر پیٹرولنگ، پکٹنگ، چیکنگ نظام کو موٴثر بناتے ہوئے نہ صرف سیکورٹی بلکہ غیر قانونی طور پر داخل ہونے والے افراد کی کڑی نگرانی اور سخت ایکشن کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی پلان کے تحت منڈی مویشیاں میں عارضی کنٹرول روم کے قیام، ریزرو پلاٹون اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مسلسل فرائض کی ادائیگی کے لئے بھی تمام تر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریزرو پلاٹون کے کمانڈوز، مویشیاں منڈی کی انتظامیہ سے مسلسل رابطوں میں رہتے ہوئے منڈی کے تمام بلاکس اور پارکنگ لاٹس کی سیکورٹی کے سلسلے میں کڑی نگرانی کے عمل کو یقینی بنائیں گے۔ انہوں نے ہدایات دیں کہ تمام ٹاؤنز ایس پی فرائض پر مامور پولیس افسران و اہلکاروں کو نہ صرف سیکورٹی فرائض کے ضمن میں باقاعدہ بریفنگ بلکہ اسٹیشن ہاؤس افسران کی علاقوں میں موجودگی اور ڈپلائنمنٹ یقینی بنائیں گے علاوہ ازیں متعلقہ علاقوں میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کی روک تھام کے لئے بھی ٹھوس اقدامات کو ممکن بنائیں گے۔ انہوں نے مزید ہدایات دیں کہ مشتبہ افراد مشکوک گاڑیوں کی کڑی نگرانی کے عمل کو ٹاؤنز تعلقہ اور اضلاع کی سطح پر سخت بنانے کے ساتھ ساتھ منڈی مویشیاں میں بھی سادہ لباس میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا جائے جبکہ ٹریفک کی بلا تعطل روانی کے سلسلے میں جامع ٹریفک پلان ترتیب دیا جائے جس کے تحت منڈیوں کو جانے والے مختلف روٹس مصروف چوراہوں اور متبادل راستوں پر ٹریفک پولیس کے افسران و اہلکاروں کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ |
|