| وانا /وزیرستان(ٹی وی رپورٹ)جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے تازہ کارروائی کے بعد طالبان کے دفاعی لحاظ سے انتہائی اہم علاقے کانی گرم کا مکمل کنٹرول حاصل کر کے اسلحہ سے بھرے پانچ ٹرک پکڑلئے، اس دوران 12 شدت پسند ہلاک جبکہ 6 اہلکار زخمی ہوگئے، فوج نے سرا روغہ کوتین اطراف سے گھیرلیا، فورسز نے طالبان کے تین اہم ٹھکانے بھی تباہ کردیے،وزیراطلاعات قمرزماں کائرہ نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے بھاگنے کا اب راستہ نہیں بچا۔تفصیلات کے مطابق جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کی طالبان کے اہم ٹھکانوں کی جانب پیش قدمی جاری ہے۔ فورسز نے علاقے میں بچھائی گئی بارودی سرنگیں ناکارہ بنا دیں ہیں اور اسلحہ کے 5 ٹرک بھی برآمد کر لئے۔ شدت پسندوں کے خلاف کارروائی میں فورسز کے زمینی دستوں کے علاوہ گن شپ ہیلی کاپٹرز اور جیٹ طیارے بھی حصہ لے رہے ہیں۔ کوٹ کئی میں شدت پسندوں کا دفاعی نظام تباہ کر دیا گیاہے اور سراروغہ کاتین اطراف سے گرد گھیرا تنگ کیا گیا ہے۔ جنڈولہ اور سراروغہ میں لڑائی کے دوران 4دہشت گرد ہلاک اور6فوجی زخمی ہوئے ہیں۔ شکئی اور کانی گرم میں گھر گھر تلاشی کا عمل جاری ہے اور100فیصد علاقہ کلیئر کرالیا گیا۔ فورسز نے شین سراورگردسر سے ہزاروں گولیاں برآمد کی ہیں جبکہ منگورہ سر میں 8 دہشتگرد ہلاک ہوئے ہیں۔ آپریشن کے دوران فورسز گرنیڈ‘ مارٹر گولے‘ کیمیائی مواد اور دیگر سامان ملا ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران فورسز کے 6 جوان زخمی ہوئے، چینا کے علاقے میں بھاری مقدار میں اسلحہ و بارود برآمد کر لیا گیا ہے۔ |
|