| سکھر( بیورو رپورٹ)جمعیت علمائے پاکستان سکھر کے زیر اہتمام ملک میں دہشت گردی امریکہ کی بڑھتی ہوئی مداخلت اور توہین رسالت آرڈیننس میں ترمیم کی حکومتی کوششوں کے خلاف نماز جمعہ کے بعد غوثیہ مسجد کپڑا مارکیٹ سے ناموس رسالت ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ممتاز عالم دین اور جے یو پی سندھ کے صدر مفتی محمد ابراہیم قادری نے کی، ان کے ہمراہ جے یو پی سندھ کے رہنما مشرف محمود قادری، حاجی مشتاق قادری، ضلعی قائدین مولانا میر محمد قریشی سمیت دیگر ریلی کے شرکاء امریکہ وبھارت کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ ریلی سے قائدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اور بھارت کے ایجنٹ ملک میں دہشت گردی کررہے ہیں۔ ملک کو امریکہ کی ریاست بنایا جارہا ہے۔ مقررین نے کہا کہ قوم توہین رسالت آرڈیننس میں ترمیم برداشت نہیں کرے گی۔ حکمرانوں نے ماضی سے سبق حاصل نہیں کیا تو ان کا انجام بھی سابق حکمرانوں جیسا ہوگا، قائدین نے کہا کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کیلئے قوم کو متحد کیا جائے، خودکش حملہ کرنے والے اسلام پاکستان کے ہی نہیں بلکہ انسانیت کے دشمن ہیں، پوری دنیا میں اسلام اور پاکستان کو بدنام کررہے ہیں یہ لوگ ملک دشمن قوتوں کے آلہ کار ہیں۔ |
|