ابوظبی (جنگ نیوز) یونس خان کی قیادت میں دوسرے میچ میں کامیابی کے ساتھ سیریز جیتنے کے عزم سے میدان میں اترنے والی پاکستان ٹیم جمعہ کو بولنگ کے شعبے میں حیرت انگیز کارکردگی نہیں دکھا سکی۔ پاکستانی بولروں کا جادو کیوی بیٹسمینوں نے چلنے نہیں دیا۔ میک کولم اور گیٹل کے درمیان126 رنز کی خوبصورت شراکت نے نیوزی لینڈ کی اننگز کی پرواز کو اونچا کردیا۔ دونوں نے عمدہ انداز میں بیٹنگ کی۔ کولم نے131 اور گیٹل نے62 رنز اسکور کئے۔ پاکستان کو جیت کے لئے304 رنز کا بڑا اور مشکل ہدف ملا ہے۔ ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 50 اوورز میں8 وکٹ پر303 رنز اسکور کئے۔ میک کولم نے129 گیندوں پر131 رنز اسکور کئے جس میں14 چوکے اور3 چھکے شامل تھے۔ ریڈمونڈ6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تاہم مارٹن گیٹل نے62 رنز اسکور کئے۔ انہوں نے جارحانہ اننگز کھیلی۔ 5 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے70 گیندوں پر وہ62 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ ٹیلر صفر اور اسٹارس9 رنز پر آؤٹ ہوئے۔ ویٹوری نے30 رنز33 گیندوں پر مکمل کئے جس میں ایک چوکا بھی شامل تھا۔ تیسری وکٹ کے لئے126 رنز کی مضبوط شراکت نے نیوزی لینڈ کی پوزیشن کو مستحکم بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ان کی اس اچھی اور جاندار شراکت نے پاکستانی بولروں کو پریشانی سے دوچار کیا۔ نیل بروم صفر پر آؤٹ ہوئے تاہم اورم نے مشکل مرحلے میں33 گیندوں پر33 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے3 چوکے بھی لگائے۔ مائلز4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بونڈ نے10 رنز بنائے اور وہ اورم کے ساتھ ناٹ آؤٹ واپس آئے۔ نیوزی لینڈ کے اسکور میں فاضل کے18 رنز بھی شامل تھے۔ پاکستان کی بولنگ کے ساتھ فیلڈنگ بھی معیاری نظر نہیں آئی اور کھلاڑیوں نے گیند کو روکنے میں کاہلی کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان کی جانب سے شاہد آفریدی کے علاوہ تمام بولرز50 سے زائد رنز دے کر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ اسپنر سعید اجمل ناکام ثابت ہوئے، 59 رنز دے کر وہ کوئی وکٹ لینے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ محمد عامر نے64 رنز دیئے اور صرف ایک وکٹ لے سکے۔ عمر گل نے59 رنز اور عبدالرزاق نے60 رنز دے کر 2-2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ شاہد آفریدی نے49 رنز دے کر2 وکٹیں حاصل کیں۔ شاہد آفریدی ہی پاکستان کے بہترین بولر ثابت ہوئے اور ان کے رنز کی تعداد کم رہی۔