لندن (نمائندہ جنگ) برطانوی وزیر انصاف جیک اسٹرا نے کہا ہے کہ بعض عناصر اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل کے لئے اسلام کے نام پر دہشت گردی کر کے اس کے چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ برطانیہ اور مسلمانوں میں تضاد کا نہیں بلکہ صدیوں سے احترام کا رشتہ ہے، جس کا واضح ثبوت یہاں آباد دو ملین مسلمان ہیں ، یہ بات انہوں نے گزشتہ روز برطانیہ میں مسلمانوں کودرپیش چیلنجز اور مواقع کے عنوان سے رائل کامن ویلتھ سوسائٹی میں ایک پینل ڈسکشن کے دوران کہی، انہوں نے کہا کہ برطانیہ معاشرتی ہم آہنگی کی بہترین مثال ہے جہاں دنیا کے تمام مذاہب کے ماننے والے امن سے ایک ساتھ رہتے ہیں اور سب کوآگے بڑھنے کے یکساں مواقع حاصل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف بی این پی کی شکل میں فار رائٹ جماعتیں تو دوسری طرف اسلام کی آڑ میں دہشت گردوں کا ٹولہ اس معاشرتی ہم آہنگی اور یگانگت کو تباہ کرنے کے درپے ہیں ،حقیقت یہ ہے کہ مسلمان اس معاشرے کا اہم حصہ ہیں ۔