| خضدار(جنگ نیوز) جمعیت علمائے اسلام کے امیر رکن قومی اسمبلی مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ شوریٰ کے اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر این آر او قومی اسمبلی میں پیش ہوا تو ہم اسے مستردکر دینگے، این آر او سے زیادہ اہم قومی اور ملکی سلامتی ہے جس کے بارے میں سیاسی جماعتوں کو سرجوڑکر فکرکرنی چاہیے، جمعیت علمائے اسلام کے کسی بھی ممبر نے این آر اوکا فائدہ نہیں اٹھایا اس لیے یہ ہمارے لیے درد سر نہیں بلکہ ان کے لیے ہے جنہوں نے قومی سرمایہ کو لوٹا۔ پی پی پی، مسلم لیگ سمیت دیگر جماعتوں والے اس حمام میں ننگے ہیں، قوم عنقریب ان لوگوں کا خود احتساب کرے گی، وزیرستان کے فوجی آپریشن سے ملک کی سلامتی کو شدید خطرات لاحق ہوئے ہیں۔کیری لوگر بل سے حاصل ہونے والی امداد کو قوم نے مسترد کردیا ہے، امریکا اگر قومی رائے کے خلاف یہ امداد چند مفاد پرست حکمرانوں کی عیاشیوں کیلئے ان کو فراہم کرے گا تو پاکستانی قوم اس معاہدے کی ہرگز پابند نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ لاجز اسلام آباد میں خضدارکے جمعیت علمائے اسلام کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ |
|