| حب (نامہ نگار) حب سے پسند کی شادی کرنے والی دو نو بیاہتا دلھنیں اغواء کرلی گئیں۔ حب پولیس نے ضلع ناظم تھرپارکر کی گاڑی میں سوار چار ملزمان گرفتار کرکے دونوں خواتین کے شوہروں کو بازیاب کرالیا۔ تھرپارکر (سندھ) سے تعلق رکھنے والی دو نو مسلم لڑکیاں اپنے شوہروں کے ہمراہ ایک ہوٹل میں ناشتہ کر رہی تھیں کہ دو گاڑیوں میں سوار آٹھ سے زائد مسلح افراد نے اسلحہ کے زور پر عائشہ اور مسکان کو اغواء کرکے فرار ہوگئے جبکہ ضلع ناظم تھرپارکر کی گاڑی میں سوار سابق وزیراعلیٰ ارباب رحیم کے بھتیجے سمیت 4ملزمان لڑکیوں کے شوہروں محمد سلیم اور ذکاء اللہ کو اغواء کی نیت سے گاڑی میں زبردستی سوار کرا رہے تھے کہ حب پولیس کے اے ایس پی عثمان غنی صدیقی موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے چاروں کار سوار ملزمان کو گرفتار کرکے اغواء کی کوشش ناکام بنا دی۔ نوبیاہتا نو مسلم دلھنوں عائشہ کے شوہر محمد سلیم اور مسکان کے شوہر ذکاء اللہ نے حب تھانہ کے باہر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان نے ہماری بیویوں کو اغواء کرلیا ہے ہمیں خدشہ ہے کہ انہیں قتل کردیا جائے گا۔ حب پولیس نے سابق وزیراعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم کے دو بھتیجوں ارباب وزیرعلی (گرفتار) اور ارباب فاروق (مفرور) سمیت دیگر آٹھ افراد کے خلاف دو نو مسلم دوشیزاؤں کے اغوا کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ |
|