کراچی . . . فروٹ اینڈ ویجٹیبل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انڈونیشیا کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے میں کینو کو بھی شامل کیا جائے ۔فروٹ اینڈ ویجٹبیل ایکسپورٹر زایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالواحد خان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چند سال قبل تک انڈونیشیا کی مارکیٹ میں پاکستان سے تقریباً 54 ہزار ٹن کینو برآمد کیا جاتا تھا جس سے ملک کو ڈھائی کروڑ ڈالر تک زرمبادلہ حاصل ہوتا تھا مگر چین اور انڈونیشیا کے درمیان تجارتی معاہدے میں کینو کی ڈیوٹی فری برآمد شروع ہونے سے پاکستان سے برآمد ہونے والے کینو پر انڈونیشیا میں 33 فی صد تک ڈیوٹی ادا کرنا پڑتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ سرحدی صورتحال کی وجہ سے کینو کی برآمد رک گئی ہے انڈونیشیا ایک اہم متبادل ہوسکتا ہے۔
|