کراچی . . . سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جانب سے تین نومبر 2007کے غیر آئینی اقدامات کے خلاف وکلا اور سول سوسائٹی کے ارکان آج یوم سیاہ منارہے ہیں۔یوم سیاہ منانے کا اعلان سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر قاضی محمد انور نے کیا ہے ۔ یوم سیاہ کے سلسلے میں بار کونسلوں اور بار ایسوسی ایشنوں کے دفاتر پر سیا ہ پرچم لہرائے جائیں گے ۔ وکلا بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھیں گے اور عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔یوم سیاہ کے موقع پر بار ایسوسی ایشنوں میں جلسے اور مظاہرے کئے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی ۔۔ وکلا تنظیموں کے اجلاس بھی ہوں گے جس میں سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی جانب سے تین نومبر کو ایمرجنسی کے نفاذ کی مذمت کی جائے گی ۔۔ کراچی میں بار ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوگا جس کے بعد ایم اے جناح روڈ پر دھرنا دیا جائے گا۔