اسلام آباد . . . اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنرکامران شہزاد نے کہا ہے کہ اسلامک بینکنگ کے ذریعے مائیکرو فنانس کو فروغ دیا جائے گا اور اس سلسلے میں امدادی ادارے پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اسلام آباد میں اسلامک بینکنگ کی تیسری نمائش کے موقع پر سیمینار سے خطاب میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی امدادی ادارہ DFID مائیکرو فنانس کے فروغ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامک بینکاری کے پاس اثاثوں کا 5.2 فی صد اور ڈپازٹ کا 5.1 فی صد حصہ موجود ہے جسے 2011 تک 12 فی صد تک پہنچانے کا ہدف ہے۔ کامران شہزاد نے مزید کہا کہ مائیکرو فنانس کے لیے بنگلہ دیش کی معروف تنظمیں براسا Barsa اور آسا ASA پاکستان آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک صرف ایسی امیدواروں کو مائیکرو فنانس کا لائسنس دے گا جو مالیاتی طور پر مستحکم ہونے کے ساتھ ساتھ اسے سماجی شعبے کی ترقی کے لیے استعمال کریں گے۔