پشاور . . . انسپکٹر جنرل آف پولیس سرحد ملک نوید خان نے کہا ہے کہ پشاور میں ہونے والے حالیہ پانچ دھماکوں میں ملوث تین گروپوں کا پتہ لگا کر تین افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ پشاور میں پولیس ریجنل کمانڈرز کے اجلاس سے قبل میڈیا کو بریفنگ کے دوران آئی جی پی سرحد نے بتایا کہ پشاور صدر ،خیبر بازار ،سی آئی اے سنٹر ،حیات آباد اور مینا بازار بم دھماکوں میں ملوث ملزموں کا پتہ لگا لیا گیا ہے اور ان کا تعلق جنوبی وزیرستان سے ہے۔ ان میں بارود اور گاڑیاں فراہم کرنے والے تین گروہ کی نشاندہی کرلی گی ہے۔ جب کہ گرفتار افراد نے اپنے دیگر ساتھیوں کے نام بتائے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبہ میں کمیونٹی پولیس فرینڈز اور جدید موبائل ٹیکنالوجی متعارف کروائی جارہی ہے اور تھانے کی سطح پر شہری رضاکارانہ طور پر پولیس کے ناکوں پر ڈیوٹی دیکر پولیس کے ساتھ تعاون کریں گے۔ اور پولیس فرینڈز کو موبائل ٹیکنالوجی دی جائے گی۔ ان پولیس فرینڈز کا پولیس کنٹرول روم سے رابطہ رہے گا اور ان کی اطلاع پر پولیس کاروائی عمل میں لائی گی۔ ملک نوید کا مزید کہنا تھا کہ پشاور میں گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے خصوصی ای ٹیگز جاری کئے جائیں گے۔ ان گاڑیوں کا پورا رکارڈ پولیس کے پاس رہے گا اور ای ٹیگز نہ رکھنے والی گاڑیوں پر خصوصی نظر رکھی جائیگی۔