کوئٹہ…بلوچستان کے بارہ اضلاع میں ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منایا جارہا ہے ۔اس دوران مختلف تقریبات کے ذریعے لوگوں کو ماں اور بچے کی صحت کی اہمیت کے بارے میں آگاہی فراہم کی جائے گی۔ حکومت بلوچستان کے زیر اہتمام یونیسیف اور اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے کوئٹہ سمیت صوبے کے بارہ اضلاع میں ماں اور بچے کی صحت کا ہفتہ منایا جارہا ہے۔ اس دوران مینا بازار ، ڈریس شو، بے بی شو، پوسٹرزکا مقابلہ،تقریری مقابلہ،کوئز مقابلہ، کلچرل شو کا اہتمام کیا گیاتاکہ ان پروگراموں کے ذریعے لوگوں کو ماں اور بچے کی صحت کی اہمیت کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ماں بچے کی صحت کے بارے میں ضروری معلومات نہ ہونے اور مناسب اقدامات نہ کرنے کی وجہ سے ہر سال پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر کے چار لاکھ بچے اور20ہزار مائیں دوران حمل اوربچوں کی پیدائش کے دوران مرجاتی ہیں جبکہ دو تہائی بچے پیدائش کے ابتدائی28دنوں میں اور باقی بچے نمونیہ سے لقمہ اجل بن جاتے ہیں۔