کراچی…دوسری سوپر فٹبال لیگ کراچی انرجی نے جیت لی ، فائنل میں کوئٹہ زور آور کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایک گول سے شکست ہوئی ۔پیپلز اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں دونوں ٹیموں نے بھرپور زور آزمائی کا مظاہرہ کیا۔ پہلے ہاف میں متعدد کوششوں کے باوجود بھی کوئی ٹیم گول نہ کرسکی ، دوسرے ہاف میں بھی دونوں ٹیموں نے گول کرنے کی کوششیں کیں ، اور بالاخر کھیل ختم ہونے سے سات منٹ قبل کراچی انرجی کے محمد رسول نے خوبصورت گول کرکے اپنی ٹیم کو سوپر لیگ کا فاتح بنادیا ۔فائنل کے مہمان خصوصی سندھ کے وزیر کھیل ڈاکٹر محمد علی شاہ نے کھلاڑیوں میں انعامات اور فاتح ٹیم کے کپتان عیسیٰ خان کو وننگ ٹرافی دی ۔ عیسی خان نے کامیابی کو بہترین ٹیم ورک کا نیتجہ قرار دیا۔فیصلہ کن میچ کے گول اسکورر محمد رسول ٹورنامنٹ میں چھ گول کرکے ٹاپ اسکورر بھی رہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تجربہ کا مڈ فیلڈرز کی وجہ سے ان کا کام اور بھی آسان ہوگیا تھا ۔کوئٹہ کے کپتان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم اچھا کھیل کر ہاری ، ہار جیت کھیل کا حصہ ہے ، سوپر فٹبال لیگ اچھا اقدام ہے جس سے ملک میں فٹبال کے کھیل کو فائدہ حاصل ہوگا ۔سوپر فٹبال لیگ کے کامیاب انعقاد نے ایک مرتبہ پھر اس بات کو ثابت کردیا ہے کہ ملک میں فٹبال کے ٹیلنٹ اور جنون کی کمی نہیں ، اگر ضرورت ہے تو صرف ایک پلیٹ فارم کی ۔